غیر معیاری ادویات کے استعمال سے قیمتی جانوں کا ضیاع قابل مذمت ہے۔پرانے لوگ نئے لبادے اور نعروں کے ساتھ آرہے ہیں عوام ان سے ہوشیار ہیں۔فوجی آمروں اور سیاسی لٹیروں نے ملک کو آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ دیا ہے۔امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر کا پی آئی سی میں غیر معیاری ادویات کے استعمال سے24مریضوں کی ہلاکت پر شدیدافسوس کا اظہار۔
امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر نے پی آئی سی میں ادویات کا ری ایکشن ہونے کا باعث 24مریضوں کی ہلاکت پر گہرے دکھ اور غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی حکومت واقع کا فوری نوٹس لیتی تو اتنی ہلاکتیں نہ ہوتیں۔مختلف ہسپتالوں میں سو سے زائد مریض ایسے ہیں جو جعلی ادویات کے استعمال سے زندگی و موت کی کشمکش میں مبتلا ہیں۔اس گھنائونے جرم میں ملوث افراد کو عبرت کا نشانہ بنا یاجائے تاکہ آئندہ کوئی معصوم زندگیوں سے کھیلنے کی جرات نہ کرسکے۔سرکاری ہسپتالوں میں غیر معیاری ادویات خریدنے کی پالیسی کو ختم کیا جائے۔دریں اثنا ئ انہوں نے منصورہ میں وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیٹو فوج کو جذبہ جہاد اور شوق شہادت نے عبرتناک شکست سے دوچار کردیا ہے۔امریکہ نے سلالہ چیک پوسٹ،مہران بیس،جی ایچ کیو اور ایبٹ آباد میں پاکستان کی خود مختاری اور سلامتی کے ساتھ گھنائونا کھیل کھیلا مگر امریکی کا سہ لیس حکمرانوں نے دوٹوک موقف اختیار نہ کرکے مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کیا ۔سیاسی و عسکری قیادت سن لے عوام نیٹو سپلائی لائن کسی صورت میں بھی بحال نہیں ہونے دیں گے۔۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی چار مرتبہ اقتدار میں آئی لیکن آج تک عوام روٹی ،کپڑا اور مکان کو ترس رہے ہیں ۔نوازشریف جب بھی اقتدار میں آئے تو ملکی معیشت کا بیڑہ غرق اور مہنگائی میں اضافہ ہوا۔اب وقت آگیا ہے کہ پاکستان کے عوام نئے چہروں کو موقع دیں۔جوپرانے لوگ نیا لبادہ اوڑھ کر نئے نعروں کے ساتھ آرہے ہیں عوام ان سے ہوشیار رہیں، یہ لوگ اسٹیبلشمنٹ اور سٹیٹس کو اور ظلم کی رات کو طویل کرنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ مشرف اور موجودہ اتحادی حکومت کا دور پاکستانی تاریخ کا سیاہ ترین دور ہے۔تمام اہم عہدوں پر من پسند اور سفارشی افسران کو تعینات کیا جارہا ہے۔رشوت خوری اور کرپشن سرکاری محکموں کی پہچان بن چکی ہے۔ڈاکٹر سید وسیم اختر نے مزید کہا کہ 64برس میں فوجی آمروں اور سیاسی لٹیروں نے ملک و قوم کو آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کے پاس گروی رکھ دیا ہے۔قومی غیرت کے لئے کشکول کو توڑنا ہوگا۔موجودہ حکومت کو مزید وقت دیا گیا تو ادارے تباہ اور ملک عملاً دیوالیہ ہو جائے گا۔