جماعت اسلامی پنجاب کے رہنمائوں کا کھاڑک سٹاپ پر واقع مشروب فیکٹری میں گیس سلنڈر کے دھماکے پر اظہار افسوس۔ جماعت اسلامی پنجاب
امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر،سیکرٹری جنرل نذیر احمد جنجوعہ،وقار ندیم وڑائچ ،وقاص انجم جعفری اورعزیر لطیف نے اپنے مشترکہ بیان میں کھاڑک سٹاپ پر واقع مشروب کی فیکٹری میں گیس سلنڈٰر دھماکے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد کے لواحقین سے اظہار تعزیت اور افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ قیمتی جانوں کے ضیاع کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔آبادیوں میں واقع فیکٹریوں اور گیس سلنڈر کا کاروبار کرنے والوں کو شہر سے باہر کوئی متبادل جگہ دے کر شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔یوں محسوس ہوتا ہے کہ حکومت اور انتظامیہ نام کی کوئی چیز نہیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ واقعے میں ہلاک اور زخمی ہونے والے افراد کے لواحقین کی ہر ممکن طبی ومالی امداد کی جائے۔چند روپوں کی خاطر انسانی جانوں سے کھیلنے والے کسی قسم کی رعایت کے مستحق نہیں۔واقعے کی مکمل تحقیقات کرتے ہوئے رپورٹ عوام کے سامنے لائی جائے۔